30 جولائی 2012 - 19:30

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ امریکہ اپنے اسلحہ کی فروخت کے لیے دنیا بھر میں دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے جس سے عالمی امن کو شدید خطرہ ہے۔

ابنا: پاکستانی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز دبئی سے آنے والے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سید منور حسن نے کہا کہ اسلحہ کی غیر قانونی تجارت میں عالمی امن کا نام نہاد علمبردار سب سے آگے ہے –امیرجماعت اسلامی پاکستان نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ امریکہ کے سرکاری اور نجی اداروں میں بننے والے مہلک ہتھیار اور جدید اسلحہ دنیا بھر میں ایک خاص منصوبے کے تحت پھیلایا جا رہا ہے اور امریکہ مسلمانوں کے خلاف یہودی، نصرانی اور ہندو دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی کر رہا ہے کہا کہ خطے میں امریکی موجودگی دہشت گردی کے فروغ کا باعث ہے اور پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کر کے امریکہ ہمیں ہمارے جوہری ہتھیاروں سے محروم کرنا چاہتا ہے –انہوں نے پاکستان کی حکومت سے امریکی اتحاد سے نکلنے اور نیٹو سپلائی کی مستقل بندش کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سپلائی نہ روکی گئی تو خطے کو اسلحہ سے پاک اور دہشت گردی سے نجات نہیں ملے گی۔سید منور حسن نے کہا کہ امریکہ نے عراق پر مہلک ہتھیاروں کی موجودگی کا جھوٹا الزام لگا کر اور اپنے اتحادیوں سے مل کر اس کی اینٹ سے اینٹ بجا دی اور لاکھوں مسلمانوں کو شہید کر دیا گیا لیکن اقوام متحدہ سمیت کسی عالمی ادارے نے اس ظلم و بربریت اور لاکھوں مسلمانوں کے قتل عام پر امریکہ سے پوچھنے کی زحمت گوارا نہیں کی۔ نائن الیون کے واقعہ کو بھی مسلمانوں کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کیا اور بغیر کسی ثبوت کے افغانستان پر چڑھائی کر دی۔

.......

/169